سعودی عرب کی حکومت نے رواں سال حج کے موقع پر بغیر اجازت کے حجاج
میں شامل ہونے والوں کے خلاف ماضی کی نسبت زیادہ سخت پالیسی اپناتے ہوئے ان تمام
چور دروازوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن سے اندرون اور بیرون ملک سے لوگ بغیر
اجازت کے حجاج میں شامل ہونے کی کوششیں کرتے رہے ہیں۔جدہ گورنری کے پولیس چیف میجر
جنرل مسعود بن فیصل العدوانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غیرقانونی طورپر حج
کے لیے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے والوں کو کڑی سزائیں دی جائیں گی اور کسی شخص کو
بغیر اجازت چور راستوں سے حجاج میں شامل ہونے کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فریضہ حج اور مناسک حج کی ادائی کے حوالے سے طے پائے
ضابطہ اخلاق کے اندر رہتے ہوئے مقامی اور غیرملکی شہریوں کو حجاج میں شمولیت کی ہر
ممکن سہولت مہیا کی گئی ہے مگر ضابطہ اخلاق اور حج کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے
والوں اور ان کے سہولت کاروں کو بھی سزا دی جائے گی۔ غیر قانونی طور پر حجاج میں
شامل ہونے والوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت اور کاریں مہیا کرنے والوں کو بھی سزا ہوگی
اور ان کی گاڑیاں بحق سرکار ضبط کرلی جائیں گی۔
0 comments:
Post a Comment