اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کے سلسلے میں امریکہ کو پرکھنے کا وقت آ گیا ہے ۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے چین کے سرکاری ٹی وی سی سی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران ، ویانا سمجھوتے کے سلسلے میں اپنے عہد کا پابند ہے اور اس سمجھوتے کے مطابق پابندیاں ختم ہونی چاہئیں- ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ویانا سمجھوتہ ایک واضح سمجھوتہ ہے اور اس بنیاد پر امریکی صدر کو کانگریس کو یقین دلا کر اور پابندیاں اٹھا کر اس پر پوری طرح عمل درآمد کرنا چاہئے اور اگر ایسا نہ ہوا تو دنیا یہ نتیجہ نکالے گی کہ امریکہ ، اپنا فیصلہ دوسروں پر مسلط کرنا چاہتا ہے اور طاقت و پابندیوں کے سہارے اپنا کام آگے بڑھاتا ہے- جواد ظریف نے مستقبل میں بھی ایران اور چین کے اچھے تعلقات پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ چین، ایران کا اہم تجارتی پارٹنر اور مثبت و تعمیری کردار کے ساتھ ایک اہم مذاکرات کار ہے اور مستقبل میں دونوں ملکوں کے تعلقات تمام میدانوں میں بالخصوص توانائی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے میدانوں میں فروغ پائیں گے- ایران کے وزیر خارجہ نے شامی جنگ کے متاثرین کے بحران کے بارے میں کہا کہ یہ بحران درحقیقت، اسلام دشمنی کے تناظر میں علاقے اور شام کے خلاف مغرب کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ مغربی ممالک حقائق کو دیکھیں اور انتہاپسندی اور تشدد کے افسوس ناک نتائج کو سمجھیں ۔
0 comments:
Post a Comment