سعودی عرب کی سب سے بڑی تیل کمپنی آرامکو کے مشرقی شہر الخبر میں
واقع رہائشی کمپلیکس میں اتوار کو آتش زدگی کے نتیجے میں گیارہ افراد ہلاک اور دو
سو سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔
سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع اور آرامکو نے ٹویٹر پر اطلاع دی ہے کہ
الخبر میں واقع ریڈیم ریزیڈینشل کمپاؤنڈ کے ایک ٹاور کی بیس منٹ میں پہلے آگ لگی
تھی جو بعد میں بالائی منزلوں تک پھیل گئی۔آرامکو نے اپنے آفیشیل ٹویٹر اکاؤنٹ پر
جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ''اتوار کی صبح قریباً پونے چھے بجے ریڈیم
کمپاؤنڈ کی بیس منٹ میں آگ لگی تھی۔سعودی آرامکو نے اس کو اپنے ملازمین کے لیے لیز
پر لے رکھا ہے''۔تاہم آگ لگنے کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
بیان کے مطابق محکمہ شہری دفاع اور سعودی آرامکو کا آگ بجھانے والا
عملہ اس رہائشی کمپاؤنڈ میں مقیم لوگوں کو نکال رہا تھا۔مشرقی صوبے میں محکمہ شہری
دفاع کے ترجمان کرنل علی القحطانی نے کہا ہے کہ بالائی منزلوں میں مقیم لوگوں کو
نکالنے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
0 comments:
Post a Comment