جیزہ : اہرامِ مصر کے نزدیک دو پولیس اہلکار ہلاک
مصر کی گورنری جیزہ میں واقع مشہور اہرام کے نزدیک ایک شاہراہ پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بدھ کو دارالحکومت قاہرہ کے نواحی مغربی علاقے میں فائرنگ کا یہ واقعہ ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ سے قریباً تیس گز کے فاصلے پر پیش آیا ہے۔یہیں سے شاہراہ مشہور سیاحتی مقام اہرامِ مصر کی جانب جاتی ہے۔مصر کی سرکاری خبررساں ایجنسی مینا نے صوبہ جیزہ میں واقع اہرام کے علاقے میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
اہرامِ مصر کے نزدیک پولیس اہلکاروں پر اس طرح فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ فوری طور پر کسی گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔قبل ازیں دولت اسلامیہ عراق وشام (داعش) سے وابستہ جنگجو گروپ صوبہ سیناء قاہرہ اور دوسرے شہروں میں سکیورٹی فورسز پر حملوں کی ذمے داری قبول کرتا رہا ہے۔
اس جنگجو گروپ نے شورش زدہ علاقے شمالی سیناء میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر بیسیوں حملوں کی ذمے داری قبول کرنے کے دعوے کیے ہیں۔ان میں سیکڑوں فوجی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔ اب مشہور سیاحتی مقام پر ان کے حملے سے مصر کی اپنی سیاحت کی صنعت کی بحالی کے لیے کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
0 comments:
Post a Comment