• تازہ ترین

    تازہ ترین خبریں

    Friday, June 19, 2015

    بحرین سے سعودی عرب بھیجا جانے والا دھماکا خیز مواد ضبط


    بحرین میں پولیس نے دھماکا خیز مواد اور بم کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان ضبط کر لیا ہے۔پولیس نے کہا ہے کہ یہ دھماکا خیز مواد بحرین اور پڑوسی ملک سعودی عرب میں حملوں کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
    بحرینی پولیس کے سربراہ میجر جنرل طارق الحسن نے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ اس مواد کی تیاری میں استعمال کردہ تیکنیکیں ایران کے پاسداران انقلاب کے گماشتہ گروپوں کی جانب سے بروئے کار لائی جانے والی جدید تیکنیکوں سے مشابہ ہیں۔
    بحرین ایران پر ماضی میں بھی بادشاہت کا تختہ الٹنے کے لیے گڑ بڑ کرانے کے الزامات عاید کرتا رہا ہے۔ایران ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔تاہم وہ یہ ضرور تسلیم کرتا ہے کہ وہ حزب اختلاف کے گروپوں کی حمایت کرتا ہے جو بحرین کی شیعہ آبادی کے لیے زیادہ سیاسی اور اقتصادی حقوق چاہتے ہیں۔
    میجر جنرل طارق الحسن کے بہ قول ضبط کیے گئے دھماکا خیز مواد میں طاقتور دھماکا خیز مواد سی 4 ،کمرشل ڈیٹونیٹرز، جدید سرکٹ ، کیمیکل، موبائل فون اور دوسرا سامان شامل ہے اور یہ تمام دھماکا خیز مواد اسمگل کرکے بحرین لانے کی کوشش کی جارہی تھی۔
    انھوں نے مزید بتایا ہے کہ مئی میں دھماکا خیز مواد سے لدی ہوئی ایک گاڑی پکڑی گئی تھی اور اس سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں دار کلیب کے علاقے سے مواد ضبط کیا گیاہے۔انھوں نے بتایا کہ یہ تمام مواد بڑی ہوشیاری سے چھپایا گیا تھا جس سے اس تمام کارروائی میں بین الاقوامی ہاتھ کے کارفرما ہونے کی عکاسی ہوتی ہے۔
    انھوں نے کہا کہ سب سے تشویش ناک امر یہ ہے کہ یہ تمام مواد اور بم کی تیاری میں استعمال ہونے والے جدید آلات کو سعودی عرب کی جانب بھیجا جا رہا تھا۔واضح رہے کہ بحرین نے گذشتہ دو سال کے دوران گھریلو ساختہ بموں کے دھماکوں کے متعدد واقعات کی اطلاع دی ہے۔

    • Blogger Comments
    • Facebook Comments

    0 comments:

    Post a Comment

    Item Reviewed: بحرین سے سعودی عرب بھیجا جانے والا دھماکا خیز مواد ضبط Rating: 5 Reviewed By: aliusman
    Scroll to Top