• تازہ ترین

    تازہ ترین خبریں

    Saturday, May 23, 2015

    داعش کا تدمر پر قبضے کے بعد آدھے شام پر کنٹرول

    سخت گیر جنگجو گروپ دولت اسلامیہ عراق وشام (داعش) نے امریکا کی قیادت میں اتحادی ممالک کے اپنے خلاف فضائی حملوں کے باوجود میدان جنگ میں پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے۔انھوں نے صدر بشارالاسد کی وفادار فوج اور ان کے اتحادی جنگجوؤں کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد شام کے تاریخی شہر تدمر پر قبضہ کر لیا ہے۔اس فتح کے بعد اب پورا آدھا ملک داعش کے تسلط میں آگیا ہے۔
    برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے جمعرات کو اطلاع دی ہے کہ داعش کے جنگجوؤں نے وسطی صوبے حمص میں واقع تدمر شہر کے ملٹری ائیربیس اور جیل پر قبضہ کر لیا ہے۔ آبزرویٹری نے اپنے نیٹ ورک کے حوالے سے بتایا ہے کہ بدھ سے جاری شدید لڑائی میں ایک سو حکومت نواز جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں۔
    داعش کے پیروکاروں نے ٹویٹر پر ایک بیان پوسٹ کیا ہے۔اس میں انھوں نے کہا ہے کہ ''ان کا تمام فوجی تنصیبات سمیت شہر پر مکمل کنٹرول ہوچکا ہے۔پسپا ہونے والی سرکاری فورسز کی بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں اور وہ مہلوکین کی لاشیں پیچھے ہی چھوڑ گئے ہیں''۔
    تدمر شام کا پہلا شہر ہے جہاں داعش نے اسدی فوج کو میدان جنگ میں براہ راست شکست دینے کے بعد قبضہ کیا ہے جبکہ اس نے قبل ازیں دوسرے جنگجو گروپوں کے زیر قبضہ شہر ہی ان سے چھینے تھے۔اس وقت ان کا ملک کے مشرقی اور جنوب مشرقی علاقوں پر قبضہ ہے اور انھوں نے وہاں اپنی حکومت قائم کررکھی ہے۔
    شامی فوج کو ملک کے شمال مغربی اور جنوبی علاقوں میں بھی حالیہ ہفتوں کے دوران دوسرے جنگجو گروپوں کے ساتھ لڑائی میں پے درپے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب صدر بشارالاسد کی حکومت کی عمل داری دارالحکومت دمشق اور لبنان کی سرحد کے نزدیک واقع علاقوں اور ان کے آبائی صوبے اللاذقیہ تک ہی محدود ہوکر رہ گئی ہے۔

    • Blogger Comments
    • Facebook Comments

    0 comments:

    Post a Comment

    Item Reviewed: داعش کا تدمر پر قبضے کے بعد آدھے شام پر کنٹرول Rating: 5 Reviewed By: Unknown
    Scroll to Top