مصر نے شام کے شمالی
علاقے میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے خلاف ترکی کے فضائی حملوں کی بہ انداز دیگر
مخالفت کردی ہے اور اس نے کہا ہے کہ شام کی علاقائی خود مختاری کا احترام کیا جانا
چاہیے۔
مصر کی وزارت خارجہ نے بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں شام میں دہشت
گرد گروپوں کے خلاف جنگ کی حمایت کی ہے لیکن اس کا کہنا ہے کہ ''یہ لڑائی بین
الاقوامی قانون اور فیصلوں کی روشنی میں شام کی علاقائی خودمختاری اور اتحاد کا
احترام کرتے ہوئے لڑی جانی چاہیے''۔
ترکی نے گذشتہ ہفتے شام کے شمالی علاقے میں داعش کے خلاف فضائی حملوں
کا آغاز کیا ہے اور اس نے امریکا کی قیادت میں اتحاد کو اپنے فوجی اڈے بھی مہیا
کردیے ہیں جہاں سے ان کے لڑاکا طیارے اڑ کر اب شام اور عراق میں داعش اور دوسرے
سخت گیر جنگجو گروپوں کے خلاف بمباری کریں گے۔
امریکا اور ترکی اس وقت شام کے شمالی علاقے میں داعش سے پاک محفوظ
زون کے قیام کے لیے بھی بات چیت کررہے ہیں۔ایک امریکی عہدے دار کے بہ قول دونوں
ملکوں نے اس محفوظ علاقے کے قیام سے اتفاق کیا ہے۔
0 comments:
Post a Comment