• تازہ ترین

    تازہ ترین خبریں

    Tuesday, October 27, 2015

    بشارالاسد دوبارہ صدارتی امیدوار بننے کو تیار


    روسی پارلیمان کے ایک رکن نے کہا ہے کہ شامی صدر بشارالاسد نئے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کرانے کے لیے تیار ہیں اور وہ بہ ذات خود بھی صدارتی امیدوار ہوں گے۔
    روسی پارلیمان کے رکن الیگزینڈر یوشینکو نے دمشق میں بشارالاسد سے ملاقات کے بعد ٹیلی فون کے ذریعے اے ایف پی سے گفتگو میں یہ بات بتائی ہے۔انھوں نے کہا کہ ''شامی صدر انتخابات کرانے کے لیے تیار ہیں اور ان میں شام کو خوش حال دیکھنے کی خواہاں تمام سیاسی قوتیں حصہ لے سکتی ہیں''۔
    یوشینکو اور روسی پارلیمان کے دوسرے ارکان پر مشتمل وفد نے اتوار کو بشارالاسد سے ڈیڑھ گھنٹے تک ملاقات کی ہے۔انھوں نے بتایا کہ بشارالاسد کا کہنا تھا:''وہ ان انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں،بشرطیکہ لوگ اس کے خلاف نہ ہوں''۔
    تاہم بشارالاسد نے اس کے لیے یہ شرط عاید کی ہے کہ اگر شام کو دولت اسلامیہ کے جہادیوں سے آزاد کرادیا جائے تو وہ آئینی اصلاحات پر بات چیت اور ان کے بعد انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہوں گے۔
    مسٹر یوشینکو کی زبانی بشارالاسد کے اس نئے اعلان سے مغرب کے حمایت یافتہ اعتدال پسند باغی گروپ اور امریکا اور اس کے اتحادی سخت ردعمل کا اظہار کرسکتے ہیں کیونکہ ان کا یہ مؤقف رہا ہے کہ بشارالاسد کا شام کے مستقبل میں کوئی کردار نہیں ہے۔ان کے بعض مخالفین یہ کہہ رہے ہیں کہ انھیں انتقال اقتدار کے عمل کے دوران صدارت سے سبکدوش ہوجانا چاہیے جبکہ دوسروں کا اصرار ہے کہ وہ فوری طور پر عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔
    تاہم اسد رجیم کے سب سے بڑے حامی ملک روس کا کہنا ہے کہ بشارالاسد کی قسمت کے فیصلے کا اختیار شامی عوام کو حاصل ہے۔روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ اب شام میں انتخابات کی تیاری کا وقت آگیا ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ روس جہادیوں اور بشارالاسد کے خلاف لڑنے والے ''محب وطن'' باغیوں کو فضائی مدد دینے کو تیار ہے۔
    ان کا یہ بیان روس کے شام سے متعلق مؤقف میں نمایاں تبدیلی کا عکاس ہے۔اس سے پہلے روس بشارالاسد کی حمایت کرنے والے جنگجو گروپوں کے لیے ہی ''محب وطن'' کی ترکیب استعمال کرتا رہا ہے۔

    دوسری جانب مغرب کی حمایت یافتہ شامی حزب اختلاف کے نمائندوں نے روس کی اس پیش کش کو مسترد کردیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ روس کو پہلے اعتدال پسند باغیوں پر فضائی بمباری کا سلسلہ بند کرنا چاہیے۔
    • Blogger Comments
    • Facebook Comments

    0 comments:

    Post a Comment

    Item Reviewed: بشارالاسد دوبارہ صدارتی امیدوار بننے کو تیار Rating: 5 Reviewed By: Unknown
    Scroll to Top