ایران کے خبر رساں اداروں نے
حال ہی میں شام کے شمالی شہر حلب میں دو مزید ایرانی فوجی افسروں کی ہلاکت کی تصدیق
کی ہے۔ حکومت مخالف باغیوں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے ایرانی فوجیوں کی شناخت ہواباز
روح اللہ عمادی باشکلائی اور سجاد طاہر نیا کے نام سے کی گئی ہے۔
ایرانی حکام یہ دعویٰ کرتے ہیں
کہ شام کے محاذ جنگ میں اس کا کوئی فوجی براہ راست جنگ میں شامل نہیں مگر اعداد و شمار
بتاتے ہیں کہ مارچ 2011ء سے صدر بشارالاسد کے خلاف شروع ہونے والی عوامی بغاوت کی تحریک
میں اب تک کم سے کم 400 ایرانی فوجی اور پاسداران انقلاب کے ماتحت کام کرنے والی نیم
سرکاری ملیشیا کے جنگجو مارے جا چکے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی "اناطولیہ"
کے مطابق شام میں ایران کے 300 باضابطہ فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ ان میں 26 سینیر
افسران شامل ہیں۔ دیگر مختلف عسکری گروپوں سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں ایران سے جنگ کے
لیے بھرتی کیا گیا۔ جنگجووں میں مقامی ایرانی باشندے بہت کم ہیں۔ زیادہ تر افغان مہاجرین
اور پاکستانی ان گروپوں میں شامل ہیں۔ ایرانی اخبارات میں شام میں ہلاک ہونے والے ایرانی
جنگجوئوں اور فوجیوں کی تفصیلات اکثر شائع ہوتی رہتی ہیں۔

0 comments:
Post a Comment