سیناء: بم دھماکے میں 20 مصری پولیس اہلکار زخمی
مصر کے شورش زدہ علاقے شمالی سیناء میں سڑک کے کنارے نصب بم کے دھماکے میں بیس پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔سکیورٹی حکام کے مطابق پولیس اہلکار ایک بس میں سفر کررہے تھے اور اس پر شمالی سیناء کے صوبائی دارالحکومت العریش کے نواح میں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے بم حملہ کیا گیا ہے۔
فوری طور پر کسی گروپ نے اس بم حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے لیکن اس علاقے میں داعش سے وابستہ جنگجو گروپ ''صوبہ سیناء'' مصری سکیورٹی فورسز کو اپنے حملوں میں نشانہ بنا رہا ہے۔اس گروپ کے جنگجوؤں نے یکم جولائی کو شمالی سیناء میں بیک وقت پندرہ چیک پوائنٹس پر حملے کیے تھے جن کے نتیجے میں سکیورٹی حکام کے مطابق اکیس فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
مصر کے میڈیا ذرائع کے مطابق جنگجوؤں کے حملوں میں فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ تھی۔ان حملوں کے رد عمل میں مصری سکیورٹی فورسز نے یکم سے پانچ جولائی کے درمیان شمالی سیناء میں فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں میں دو سو اکتالیس جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔

0 comments:
Post a Comment