ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران ایک جامع اور منصفانہ ایٹمی سمجھوتے کا خواہاں ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ ابراہیم رحیم پور
نے جمعے کی شام شنگھائی تعاون تنظیم کی ایک نشست میں کہا کہ ایران کے جوہری
مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے اس
دوران اس بات پر بھی زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بریکس اور شنگھائی
تعاون تنظیم کے ساتھ تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی
جمہوریہ ایران دنیا کے تمام ممالک بالخصوص پندرہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ
تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم
کے ارکان اور مبصر ممالک، برّی اور بحری لحاظ سے ایران کے ہمسایہ ممالک
شمار ہوتے ہیں۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم میں مستقل
رکن ممالک کی تعداد بڑھائے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح
علاقائی امن و سلامتی کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ ابراہیم رحیم پور نے اس
بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بریکس گروپ، شنگھائی تعاون تنظیم
اور یوریشیا اقتصادی یونین کو ایسی بھرپور صلاحیت کا حامل سمجھتا ہے کہ جس
کی بنا پر علاقائی اور عالمی سطح پر وسیع پیمانے پر تعاون کیا جا سکتا ہے۔

0 comments:
Post a Comment