• تازہ ترین

    تازہ ترین خبریں

    Friday, October 2, 2015

    ''شامی بحران کا جنیوا اوّل سمجھوتے کے سوا کوئی حل نہیں''


    سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے مملکت کے اس مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ شام میں جاری بحران کا جنیوا اوّل سمجھوتے کے سوا کوئی اور سیاسی حل نہیں ہے۔انھوں نے شام میں جاری المیے کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کی جانب سے کوئی اقدام نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
    وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سترویں سالانہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔انھوں نے کہا کہ شام میں جاری الم ناک تنازعے کے نتیجے میں موجودہ دور کا بدترین انسانی بحران پیدا ہوا ہے۔
    انھوں نے کہا کہ ''عالمی برادری ابھی تک شامی عوام کو بشارالاسد کے ہاتھوں چلنے والی ہلاکتوں کی مشین سے بچانے میں ناکام رہی ہے''۔عادل الجبیر نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ ''شام کے مستقبل اور عبوری دورِ حکومت میں صدر بشارالاسد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے''۔
    انھوں نے جمعرات کی شب اپنی تقریر کا آغاز تنازعہ فلسطین سے کیا تھا۔انھوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کو بھی عزت ووقار کے ساتھ زندہ رہنے کا حق حاصل ہے۔انھوں نے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور عرب امن اقدام کے تحت اس دیرینہ تنازعے کے خاتمے کی ضرورت پر زوردیا۔
    یمن میں جاری بحران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمنی حکومت کی درخواست پر فوجی مداخلت کی تھی۔عدن پر سرکاری فورسز کا دوبارہ قبضہ اور صدر عبد ربہ منصور ہادی کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی اس جنوبی شہر میں واپسی یمن میں استحکام کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے''۔
    واضح رہے کہ سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر گذشتہ ماہ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شام کے مستقبل میں صدر بشارالاسد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ''بشارالاسد کو جانا ہوگا اور ان کی اقتدار سے رخصتی کے بعد شامی فوج کو داعش کے خلاف جنگ کے لیے برقرار رکھا جانا چاہیے''۔

    • Blogger Comments
    • Facebook Comments

    0 comments:

    Post a Comment

    Item Reviewed: ''شامی بحران کا جنیوا اوّل سمجھوتے کے سوا کوئی حل نہیں'' Rating: 5 Reviewed By: aliusman
    Scroll to Top