عرب لیگ نے سلامتی کونسل میں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے پیش کی جانے والی مجوزہ قرارداد کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
گذشتہ روز قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ اجلاس کے اختتام پر جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام عرب ممالک سلامتی کونسل میں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے کی جانے والی مساعی کی حمایت کرتے ہیں۔ آزاد اور مکمل خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام اورعرب شہروں سے اسرائیل کے ناجائزقبضے کا خاتمہ عرب لیگ کا بھی دیرینہ مطالبہ ہے۔
خیال رہے کہ کل ہفتے کے روز مصرکے صدر مقام قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جس میں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نبیل العربی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے آزاد فلسطینی ریاست کےقیام کے لیے ٹائم فریم کی تجویز سے اتفاق کیا گیا اور شرکاء نے اقوام متحدہ کی عالمی سلامتی کونسل میں فلسطینی ریاست کی حمایت میں رائے شماری کا مطالبہ کیا۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ فلسطینی ریاست کی سلامتی کونسل میں زیادہ سے زیادہ حمایت کے حصول کے لیے عرب ممالک کی وزارتی سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں اردن، موری تانیہ اور کویت کے وزراء شامل کیے جائیں گے۔ یہ کمیٹی عالمی برادری اور مسلمان ممالک سے رابطے کرکے فلسطینی ریاست کی حمایت کے لیے انہیں قائل کرے گی۔

0 comments:
Post a Comment