اسرائیل نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں شدید برف باری سے بند ہونے والی رابطہ سڑکوں کی بحالی سے روک دیا ہے جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کو آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مغربی کنارے کے شہروں کے درمیان رابطہ سڑکوں کی بندش کے بعد فلسطینی انتظامیہ نے بلڈوزروں کی مدد سے برف ہٹانی شروع کی گئی تھی لیکن صہیونی حکام نے انہیں یہ کہہ کر روک دیا کہ جن علاقوں میں برف سے سڑکیں بند ہوئی ہیں وہ سیکٹر ’’ C ‘‘ میں شامل ہے جس میں فلسطینیوں کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے رابطہ سڑکیں کھولنے سے روکے جانے کے بعد رام اللہ اور مغربی کنارے کے شمالی اور جنوبی شہروں میں ٹریفک بحال نہیں ہوسکی ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ فلسطین میں تازہ برف باری کے نتیجے میں سڑکیں بند ہوگئی تھیں۔ خاص طور پر رام اللہ۔ بیت لحم اور شمال کی جانب زعترا روڈ بدستور بند ہے۔ اس سے قبل ان سڑکوں پر ٹریفک کی روانی قائم رکھنے کے لیے فلسطینی انتظامیہ چوبیس گھنٹے مصرف عمل رہتی تھی لیکن اب صہیونی انتظامیہ کی جانب سے انہیں منع کردیا گیا ہے۔

0 comments:
Post a Comment