مصر کی "گروپ چار" کو فعال بنانے کی کوشش،امن مذاکرات بحالی پر زور
مصر نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے سرگرم امریکا، یورپی یونین، روس اور اقوام متحدہ پر مشتمل گروپ چار کو ایک بار پھر فعال بنانے کی کوششیں شروع کی ہیں۔
مصری دفتر خارجہ کے ترجمان بدر عبدالعاطی نے قاہرہ میں ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ گروپ چار کے مندوبین سے ملاقات میں وزیرخارجہ سامح شکری نے واضح کیا ہے کہ ایک مکمل آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کےقیام تک مشرق وسطیٰ میں دیر پا امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاہرہ عالمی قراردادوں کی روشنی میں مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی مساعی کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیرخارجہ نے حال ہی میں فرانسیسی ہم منصب لوران فابیوس سے ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ فرانسیسی وزیرخارجہ سے ملاقات کے دوران بھی ان پر واضح کردیا گیا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں دیر پا امن کےقیام کے لیے مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ناگزیر ہے اور یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک فلسطینیوں کو ان کی امنگوں کے مطابق ایک خود مختار مملکت بنانے کا حق نہیں دیا جاتا۔
مصری وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے سرگرم گروپ چار کو مزید فعال بنانے کی کوششیں کررہا ہے۔ اس سلسلے میں گروپ چار کی قیادت سے ملاقات میں بھی مختلف تجاویز پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت میں غزہ کی پٹی کا اسرائیل کی جانب سے مسلط محاصرہ ختم کرنے اور تعمیر نوکے لیے عالمی اداروں کی جانب سے امداد کے وعدے پورے کیے جانے پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

0 comments:
Post a Comment